بھٹکل 3 جولائی (ایس او نیوز) انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کے زیر انتظام بھٹکل ویلفیر اسپتال کے صحن میں ویلفیر اسپتال اور کیرالہ کے تھنل گروپ کے اشتراک سے یکم جولائی کو آئی این ایف ڈیالسیس سینٹر کا خوبصورت افتتاح عمل میں آیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر کیرالہ سے تشریف فرما تھنل گروپ کے چیرمین ڈاکٹر ادریس نے بتایا کہ اس سینٹر کو جو چار مشینیں دی گئی ہیں، وہ اُن کے ذاتی پیسوں سے نہیں بلکہ یہ امداد سماج کی طرف سے سماج کے لئے حاصل کرکے اور سماج کے فائدے کے لئے ہی فراہم کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر ادریس نے کہا کہ ان کا ادارہ تھنل جو 2002 میں قائم ہوا تھا، مختلف پروجکٹس کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے 2011 میں پہلی بار ان کے ادارہ کی طرف سے کالی کٹ کے ایک علاقہ وٹاگرا میں دس مشینوں کے ساتھ چھوٹا سا ڈیالسیس سینٹر قائم کیا گیا تھا، اب بھٹکل کا یہ ڈیالسیس سینٹر 58 واں سینٹر ہے ۔ انہوں نے عوام الناس کو آواز دی کہ آپ صحت مند ہیں، آپ کے گردے ٹھیک سے کام کررہے ہیں تو آپ کے لئے ضروری ہے کہ آپ اُن لوگوں کے بارے میں بھی سوچیں اور اُن کی مدد کریں جو اپنی صحت کو لے کر اور اپنے گردوں کو لے کر پریشان ہیں۔
بھٹکل جماعت المسلمین قاضی مولانا عبدالرب ندو ی نے سینٹر کے داخلی دروازے کو کھولتے ہوئے سینٹر کا افتتاح کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گردے کی تکلیف میں مبتلا بھٹکل کے عوام ڈیالسیس کے لئے مینگلور، اُڈپی اور منی پال وغیرہ جایا کرتے تھے بعد میں بھٹکل میں بھی ڈیالسیس سینٹر قائم ہوا مگر بھٹکل کے عوام ڈیالسیس کو لے کر پریشان تھے اور تکلیف کا سامنا کررہے تھے، مولانا نے کہا کہ آئی این ایف کی طرف سے اب بھٹکل میں ڈیالسیس سینٹر کی شروعات کرتے ہوئے عوام کی تکلیفات کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس کی ستائش کی جانی چاہئے۔
آئی این ایف کے صدر عبدالمجید جوکاکو نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف پیش کیا، نائب صدر ایس ایم ارشد نے استقبال کیا، جنرل سکریٹری عادل ناگرمٹ نے آئی این ایف کا تعارف سمیت ڈیالسیس سینٹر کے تعلق سے ضروری جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال چار مشینوں سے ڈیالسیس سینٹر کی شروعات کی جارہی ہے، آگے چل کر ضرورت کے حساب سے مزید مشینیں نصب کی جاسکتی ہیں۔ آفتاب حُسین کولا نے پروگرام کی نظامت کی، محمد ہاشم محتشم نے کلمہ تشکر پیش کیا۔ مولانا محمد اقبال نائطے ندوی کی تلاوت کلام پاک مع ترجمہ سے پرو گرام کا آغاز ہوا تھا، مولانا سید زُبیر مارکٹ کی دُعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔
مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر ایس ایم سید پرویز، بھٹکل جامع مسجد کے خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی، اسلامک ویلفئیر سوسائٹی کے جنرل سکریٹری قادر میراں پٹیل و غیرہ نے بھی اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔